April 14, 2024

Warning: sprintf(): Too few arguments in /www/wwwroot/sat-television.com/wp-content/themes/chromenews/lib/breadcrumb-trail/inc/breadcrumbs.php on line 253

This is how aid is being provided with the help of parachutes when an aid convoy is stopped in Gaza. Photo: INN

غزہ میں امدادی قافلہ روکے جانے پر پیراشوٹ کی مدد سے اس طرح امداد فراہم کی جارہی ہے۔ تصویر : آئی این این

ماہ رمضان کے موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن نےفلسطینیوں کے تعلق سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رمضان ان کیلئے انتہائی کربناک وقت میں آیا ہے۔ بائیڈن نے اس کےساتھ یہ بھی کہا کہ وہ غزہ پٹی کو مزید امداد پہنچانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور فوری اور پائیدار جنگ بندی کیلئےکام کریں گے۔ بائیڈن نے جنگ کے نتیجے میں غزہ پٹی میں فلسطینیوں کو جس عظیم المیے کا سامنا ہے اس پر تشویش کا اظہار کیا۔ 
’’یہ کرب کا ایک لمحہ ہے‘‘
 جو بائیڈن نےکہا ’’فلسطینیوں کیلئے یہ رمضان انتہائی تکلیف دہ لمحے میں آیا ہے۔ غزہ جنگ میں فلسطینی عوام کو خوفناک مصائب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ۳۰؍ ہزارسے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ ترعام شہری ہیں اوران میں ہزاروں بچے شامل ہیں۔ ان میں سے کچھ امریکی مسلمانوں کے خاندان کے افراد ہیں جو آج اپنے پیاروں کے کھو جانے پر بہت غمگین ہیں۔ جنگ نے تقریباً ۲۰؍ لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر کیا ہے۔ ان میں سے بہت سے لوگوں کو خوراک، پانی، ادویات اور رہائش کی اشد ضرورت ہے۔ چونکہ دنیا بھر کے مسلمان آئندہ دنوں اور ہفتوں میں افطاری کیلئے جمع ہوں گے، فلسطینی عوام کے دکھ بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں سرفہرست ہوں گے۔ میرے خیالات بھی ان کے ساتھ ہیں۔ امریکہ زمین، ہوائی اور سمندری راستے سے غزہ کو مزید انسانی امداد پہنچانے کے مقصد سے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کرتا رہے گا۔ ‘‘
عارضی بندرگاہ کی تعمیر
 بائیڈن نے نشاندہی کی کہ’’میں نے افواج کو ہدایت کی ہے کہ وہ غزہ کے ساحل پر ایک عارضی بندرگاہ قائم کریں جو امداد کی بڑی کھیپ وصول کر سکے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم براستہ زمینی گزرگاہ امداد کی ترسیل کو بڑھانے کیلئے اسرائیل کیساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے، جبکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ امداد پہنچانے کیلئے مزید سڑکوں کی سہولت فراہم کرنے اور مزید کراسنگ کھولنے پر اصرار کریں گے۔ ‘‘انہوں نے دو ریاستی حل تک پہنچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا:’’ہم استحکام، سلامتی اور امن کے طویل المدتی مستقبل کی طرف تعمیر جاری رکھیں گے۔ اس میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے اشتراک کو یقینی بنانے کے لیے دو ریاستی حل بھی شامل ہے۔ 
بائیڈن کی تنقید کو نیتن یاہو نےمسترد کیا
 اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے خود پر کی گئی تنقید کو غلط قرار دے دیا ہے۔ یاہو نے بائیڈن کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی تنقید غلط اور لغو ہے، اسرائیل کے شہری حماس کی بقایا بٹالین کے خاتمے کی ہماری کارروائیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ فلسطینی ریاست ہمارے گلے ڈالنے کی کوششوں کو ہمیں مسترد کرنا چاہیے، اسرائیلی یہ بات سمجھتے ہیں کہ اگر ہم یہ نہیں کریں گے تو اسرائیل پر۷؍ اکتوبر جیسے حملے بار بار ہوں گے۔ بائیڈن نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اسرائیل کو فائدے سے زیادہ نقصان پہنچا رہا ہے۔ 
’’اس سال رمضان میں ہمارے پاس کھانے کو نہیں ‘‘
 رمضان المبارک کی آمد پرغزہ کے بےگھر فلسطینیوں کا جوش دیدنی ہے۔ فلسطین میں خواتین، مردوں اور بچوں نے بابرکت مہینے کا بھرپور انداز میں استقبال کیا، رنگ برنگی قمقموں سے خیمے سجائے، درختوں پر روایتی لالٹین لگائیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا استقبال ہمیشہ کی طرح سجاوٹ، دعاؤں، روزے اور اللہ کے شکرکے ساتھ کریں گے۔ غزہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سال رمضان گزشتہ سالوں سے بہت مختلف ہے، ہم گھروں میں نہیں، خیموں میں ہیں، ہر سال رمضان کے دستر خوان پر مختلف قسم کے کھانے ہوتے تھے، امسال ہمارے پاس کھانے کو نہیں۔ متاثرین نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے اور غزہ میں حالات جلد بہتر ہوجائیں گے۔ 
اسرائیل نے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکا
اسرائیل نے فلسطینیوں کو پیرکومسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی سے روک دیا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسیز نے رمضان کے موقع پر یروشلم میں فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ اسرائیل نے یروشلم میں ہزاروں کی تعداد میں پولیس تعینات کردی ہے۔ 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *