May 21, 2024

Warning: sprintf(): Too few arguments in /www/wwwroot/sat-television.com/wp-content/themes/chromenews/lib/breadcrumb-trail/inc/breadcrumbs.php on line 253
عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کی نقیب ، بیرسٹر سلطان/چوہدری انوارالحق

مظفرآباد(نا مہ نگار )صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدارکی نقیب،اخوت ومحبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی ومذہبی تشخص کا مظہر ہے،یہ دن اپنے اندر ہمدردی،ایثار اور درد دل سموئے ہوئے ہے جو حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے۔  اس مبارک موقع پر مجھے اپنے وہ بہن بھائی شدت سے یا د آرہے ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کو حاصل کرنے کیلئے اپنی جانی و مالی قربانیاں پیش کر رہے ہیں اور5اگست2019کے بعد بدترین بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں۔ ان کی جد و جہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں اور ہمیں مکمل یقین ہے کہ بالآخر حق و انصاف کا بول بالا ہو گا۔بھارتی حکمرانوں کو بھی حقائق تسلیم کرنا پڑیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادں پر عمل کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں یقین محکم ہے کہ پوری ریاست جموں و کشمیر آزاد ہو کر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی۔ ریاست کا پاکستان کے ساتھ جو تمدنی جغرافیائی، اقتصادی اور روحانی تعلق ہے اسے کسی شاطرانہ حربے سے توڑا نہیں جا سکتا۔وقت نے بار بار ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں قائم حکومتوں نے ہمیشہ کشمیرکی سیاسی اخلاقی اور سفارتی سطح پر بھرپور حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔بعد ازں وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری انوارالحق نے تمام اہل اسلام کو عید الفطرکے پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کا مبارک دن ہمیں محبت کی فراوانی، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی خوشیوں کو اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے ارد گرد نادار مستحق لوگوں کو بھی ان میں شامل کریں۔اس دن پوری ملت اسلامیہ کے لیے اور باالخصوص مقبوضہ کشمیر کی آزادی،ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعاکریں کہ اللہ رب العزت ہمارے ملک کو امن، ترقی وخوشحالی کی نعمت سے مالا مال فرمائیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں ہم نے آزاد فضا ء میں روزے رکھے، عبادتیں کیں اور اللہ تعالی سے دعائیں مانگیں، لیکن کنٹرول لائن کے اس پار مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں پر یہ مہینہ بہت بھاری گزرا اور ان پر ہر روز ایک نئی قیامت ٹوٹتی رہی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے یہ کہوں گا کہ آپ تنہا نہیں ہیں۔ ہم آپ کے دکھ پوری طرح بانٹ نہیں سکتے ہیں، لیکن ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ کا درد ہمارا درد ہے آ پ کے زخم ہمارے زخم ہیں۔ انشاء اللہ مجھے یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور اہل جموں و کشمیر حق خودارادیت لے کر رہیں گے۔ 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *